نئی دہلی، 28؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی 11سے 12؍نومبر تک جاپان کا دورہ کریں گے۔اس دوران وہ جاپان کے راجہ سے ملاقات کریں گے اور اپنے جاپانی ہم منصب شینزو آبے کے ساتھ سالانہ سربراہی کانفرنس میٹنگ کریں گے جس میں سویلین جوہری معاہدہ پر دستخط ہونے کا امکان ہیں۔دورہ کا اعلان کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے کہا کہ میٹنگ ایک ایسا موقع ہوگا جس میں دونوں رہنما ہندوستان اور جاپان کے درمیان وسیع اوربامعنی شراکت کو اور مضبوط کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ، علاقائی اورعالمی مسائل پر بات چیت کریں گے۔غیر فوجی جوہری تعاون کو مضبوط کرنے کی خواہش کے ساتھ ہی دونوں فریق اعلی ٹیکنالوجی، سیکورٹی اور بنیادی ڈھانچے کے علاقے سمیت کاروبار میں تعلقات کو فروغ دینے کے طریقے بھی تلاش کریں گے۔دسمبر میں گزشتہ سربراہی کانفرنس کے دوران دونوں فریق قرار پر ایک بنیادی معاہدے پر پہنچے تھے اور فیصلہ کیا تھا کہ وہ ہندوستان کے سلسلے میں بین الاقوامی غیر فوجی جوہری معاہدہ تعاون پر تبادلہ خیال جاری رکھیں گے۔